جے پور،11 /جولائی (آئی این ایس انڈیا) راجستھان میں ہفتے کے روز کورونا وائرس کی وجہ سے دو مزید افراد کی ہلاکت کے بعد ریاست میں ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 499 ہوگئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی ریاست میں 170 نئے معاملے سامنے آنے سے مریضوں کی کل تعداد 23344 ہوگئی جن میں سے 5211 مریض زیر علاج ہیں۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہفتے کے روز جے پور اور اجمیر میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے۔ اس سے ریاست میں کورونا وائرس ہونے والی اموات کی مجموعی تعداد 499 ہوگئی ہے۔ صرف جے پور میں اموات کی تعداد بڑھ کر 171 ہوگئی ہے جبکہ جودھ پور میں 65، بھرت پور میں 41، کوٹہ میں 26، اجمیر میں 24، بیکانیر میں 21، ناگور اور پلی میں 15-15 اور دھولپور میں 11 اموات ہوئیں ہیں دیگر ریاستوں کے 31 مریض بھی یہاں آکر مر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ہفتہ کو170 نئے معاملات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں الور میں 40، جے پور میں 33، ایدی پور میں 31، ناگور میں 21، بھرت پور میں 17 اور سوائی مادھو پور میں سات معاملے شامل ہیں۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ریاست کے متعدد پولیس اسٹیشن علاقوں میں کرفیو نافذ ہے۔